حضرت مولانا شاہ محمد محی الدین بدایونی
حضرت مولانا شاہ محمد محی الدین بدایونی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
مظہر محمود محمد محی الدین نام، حضرت سیف اللہ المسلول مولانا شاہ معین الحق فضل رسول قدس سرہٗ کےبڑے صاحبزادے سترہویں صفر ۱۲۴۳ھ سال پیدائش "مظہر محمود" تاریخی نام، بچپن ہی سے آثار بزرگی بشرے سے ظاہر تھے، والد ماجد سے علوم و فنون کا تکملہ کیا، آپ اجیائے سنت میں مستعداد اور وہابیوں کے حق میں برق خاطف تھے، اعلیٰ درجہ کے طبیب تھے، مریض ہر وقت گھیرے رکھتے، درس و تدریس اور تصنیف کا خاص ذوق رکھتے تھے، مولوی سراج سہسوانی مدرسہ عالیہ قادریہ کے تعلیم یافتہ، مگر شامتِ اعمال سےترک تقلید کے قائل، سودائے نجدیت سے سرشار تھے، نجدی عقائد میں اُن کی تالیف "سراج الایمان" چھپ کر شائع ہوئی تو اس محی الستہ نے حمایت حق میں "شمس الایمان" لکھ کر چراغ بے دینیت کو گُل کردیا،۔۔۔۔ میر زاہد کا ھاشیہ آپ کے تبحر علمی اور علم معقولات پر روشن دلیل ہے، دادا بزرگوار حضرت شاہ عین الحق عبدالمجید قدس سرہٗ کے مُرید تھے بڑے ماموں مولوی غلام حیدر سہارن پور میں تحصیل دار تھے، اُن کی ملاقات کو گئے، قضاءً ایسے سخت بیمار ہوئے کہ مرذی قعدہ ۱۲۷۰ھ میں راہئ خلد بریں ہوئے، حضرت نور قادری (از اولاد امجاد غوث اعظم رضی اللہ عنہٗ جو عالمگیری عہد کے بزرگ تھے) آستانہ میں جانب شمال دفن کیے گئے
(اکمل التاریخ حصہ دوم، تذکرہ طیّبہ)