علامہ مولانا عبدالسلام جبل پوری اور تحریک پاکستان
علامہ مولانا عبدالسلام جبل پوری رحمہ اللہ تعالیٰ نے دوقومی نظریہ کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی یہ آپ ہی کی تربیت کا اثر تھا کہ آپ کے ہونہار فرزند مفتی محمد برہان الحق جبل پوری رحمہ اللہ تعالیٰ نے اپنی پوری زندگی دوقومی نظریہ کی پاسبانی کرتے ہوئے گزار دی تھی بانی پاکستانن قائد اعظم محمد علی جناح اپ کی مساعی جمیلہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ قائد اعظم نے انہیں یقین دلایا تھا کہ مملکت خداداد پاکستان میں اسلامی قوانین رائج کریں گے۔ مفتی اسلام مفتی محمد برہان الحق جبل پوری رحمہ اللہ تعالٰی ایک انٹرویو میں اس حقیقت کو کچھ اس طرح بیان فرماتے ہیں:
‘‘قائد اعظم محمد عیل جناح کی ایک مرتبہ جبل پور تشریف لائے۔ دوران ملاقات میرے والد بزرگوار مولانا عبدالسلام جبل پوری علیہ الرحمہ نے اس بار (پاکستان بن جانے کے بعد یہاں سے نفاذ اسلام کی صراحت چاہی تو قائد اعظم نے نہایت پر عزم لہجہ میں فرمایا: مولانا! جدا گانہ مسلم قومیت کی بناء پر خود مختار ریاست کے قیام کا مقصدہی یہ ہے کہ مسلمان وہاں اسلامی قوانین رائج کریں اور قرآن و سنت کے مطابق زندگی بسر کریں، قائد اعظم علیہ الرحمہ نے مزید کہا، مولانا! دعا فرمائیے کہ خدا وند تعالیٰ ہمیں اس مقصد میں کامیاب فرمائے۔’’ (۲۹)