حضرت شاہ شرف الدین بو علی قلندر
حضرت شاہ شرف الدین بو علی قلندر رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ
حضرت شاہ شرف الدین فردِ کامل اور مظہر کل تھے اور آپ کا تفرد کلی (مکمل فرد ہونا) حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے طفیل تھا کیونکہ آپ کو حضرت امیرالمومنین علی سے بلاواسطہ تربیّت حاصل ہوئی تھی۔ جس کی بدولت آپ جمیع کمالات ولایت و خلافت کبریٰ پر فائز ہوئے۔ اس طرح حضرت بو علی قلندر کی نسبت اویسیہ ہوئی۔ اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ آپ کے مربی تھے۔ اس فقیر راقم الحروف کو ابتدائے سلوک میں جس قدر فیوض و برکات حضرت بوعلی قلندر سے حاصل ہوئے اگر انکو بیان کیا جائے تو ایک مستقل کتاب وجود میں آجائیگی۔
سیر الاقطاب میں لکھا ہے کہ اگر چہ شیخ جلال الدین پای پتی قدس سرہٗ نے تمام معنوی کمالات حضرت شیخ شمس الدین ترک قدس سرہٗ سے حاصل کیے اور خرقۂ خلافت بھی اُن سے حاصل کیا لیکن آپ کو اکثر ترقی باطن حضرت شاہ بو علی قلندر کی نظر توجہ سے بھی حاصل ہوئی۔ چنانچہ اسکی تفصیل حضرت شیخ جلال الدین کے حالات میں آرہی ہے۔
(اقتباس الانوار)