حضرت ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ

حضرت ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنھا 

اِن کی کنیت ام عبد اللہ تھی، والد بزرگوار کا نام امیر المؤمنین حضرت ابو بکر صدیق بن ابو قحافہ عثمان بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعد بن تیم بن مُرّہ بن کعب تھا اور والدہ کا نام اُم رومان زینب بنت حارث تھا جو قبیلہ بنی فراس بن غنم بن کنانہ سے تھیں، بعثت کے چار (۴) برس بعد پیدا ہوئیں، ۱۰ نبوی میں حضور علیہ الصّلوٰۃ والسّلام کے ساتھ نکاح ہَوا، اُس وقت اِن کی عمر چھ (۶) سال تھی، اِن کے اوصاف و فضائل میں اکثر آیات و احادیث وارد ہیں، اِن کو اجلّہ فقہا میں شمار کرتے ہیں، یہ بڑی مفتیہ اور فصیحہ و بلیغہ تھیں، عروہ بن زبیر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے آپ سے زیادہ کسی کو عالمہ معانی قرآن، اور حافظہ احکام حلال و حرام، اور ماہرہ اشعارِ عرب اور علم طِبّ کا نہیں دیکھا، اور بعض سلف سے منقول ہے کہ چہارم (۴) حصہ احکامِ شرعیہ کا ان سے معلوم ہوا آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان کو سب بیبیوں سے زیادہ محبوب رکھتے تھے، کتبِ صحاح میں دو ہزار دو سو دس حدیثیں ان سے مروی ہیں، اور ایک خلقِ کثیر صحابہ و تابعین نے ان سے روایت کی ہے، انہوں نے بعمر چھیاسٹھ سال شب سہ شنبہ بتاریخ ہفدہم (۱۷) رمضان ۵۸ھ میں انتقال فرمایا، حضرت ابو ہریرہ عبد الرحمٰن دوسی رضی اللہ عنہ حاکمِ مدینہ نے نمازِ جنازہ پڑھائی، مدینہ طیبہ کے گورستانِ جنّت البقیع میں مدفون ہوئیں۔

(شریف التواریخ)


متعلقہ

تجویزوآراء